کراچی: عیدالاضحیٰ پر بغیر اجازت کے کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکومت سندھ نے صوبے بھر میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے بھر میں 3 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق بغیر پیشگی اجازت کے قربانی کے جانوروں کی کھال جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے دفعہ 144 کے تحت اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے واضح کیا ہے کہ کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی جب کہ اسلحہ لے کر چلنے کے پہلے سے جاری شدہ اجازت نامے منسوخ کردیے گئے ہیں۔