ملتان: انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنالیے جبکہ میزبان ٹیم کو برتری ختم کرنے کے لیے مزید 127 درکار ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش ٹیم کے اوپنرز نے پاکستان کے خلاف جارحانہ آغاز کیا تاہم 73 کے مجموعی اسکور پر زیک کرولی 27 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اولی پوپ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جوئے روٹ 34، بین ڈکٹ 114 رنز اور ہیری بروک صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں پر 239 رنز بنائے، جیمی اسمتھ 12 اور بریڈن کارس دو رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جو کل دوبارہ اپنی بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر ساجد خان نے 4 اور نعمان علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 366 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی ٹیم نے اپنی ادھوری پہلی اننگز کا آغاز 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز پر کیا تو محض 5 رنز کے آضافے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آغا سلمان 31، ساجد خان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
عامر جمال اور نعمان علی نے 9 ویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم عامر 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعدازاں نعمان علی 32 رنز بناکر جیک لیچ کا شکار بنے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے 2 جبکہ شعیب بشیر ایک وکٹ حاصل کی۔