میلبورن: دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا کے 318 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، لیکن امام الحق 10 رنز بناکر ناتھن لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 124 رنز تک پہنچایا تو عبداللہ شفیق 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم بھی صرف ایک رن پر پیٹ کمنز کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، شان مسعود بھی 54 رنز پر ناتھن لیون کو چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ سعود شکیل نے 9 رنز کی اننگز کھیلی۔
سلمان علی آغا 5 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنا لیے تھے، محمد رضوان 29 اور عامر جمال 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
میلبورن ٹیسٹ کے دوسرے روز کے پہلے سیشن میں پاکستانی پیسرز چھائے رہے اور فاسٹ بولرز نے آسٹریلیا کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 318 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عامر جمال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی، میر حمزہ اور حسن علی کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں، ایک کھلاڑی کو سلمان علی آغا نے آؤٹ کیا۔
3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے روز کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے تھے۔