ملتان: انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان نے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں کسی بھی اسپیشلسٹ فاسٹ بولر کو شامل نہیں کیا گیا، پاکستان ٹیم 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کے ساتھ کھیلے گی جب کہ آل راؤنڈر عامر جمال پیس اٹیک کریں گے۔
ٹیم میں چار تبدیلیاں کرتے ہوئے کامران غلام، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ کامران غلام ٹیسٹ میں ڈیبیو کریں گے۔
بقیہ کھلاڑیوں میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا ٹیم کا حصہ ہیں۔
قبل ازیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ بابراعظم کو ڈراپ نہیں کیا گیا بلکہ آرام دیا گیا ہے اور وہ آرام کے بعد تازہ دم ہوکر آئیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے شروع ہوگا۔