اسلام آباد: ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔
بھارتی ناظم الامور اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کرکے 29 اور 30 جون کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی قابض فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ شہری کی شہادت اور 5 افراد کے زخمی ہونے پر پاکستان کی طرف سے شدید احتجاج کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو احتجاجی مراسلہ دیا گیا جس میں کہا گیا کہ بھارت کی بے گناہ شہریوں پر فائرنگ دوطرفہ معاہدے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 کے سیز فائر معاہدے کی پاس داری اور خلاف ورزی کے واقعات کی تحقیقات کرے، بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کے مبصرین کو کام کرنے دے۔