کراچی: سندھ بھر میں تعلیمی ادارے 30 اگست کو مشروط طور پر کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ اُنہی تعلیمی اداروں کو تدریسی عمل جاری رکھنے کی اجازت ہوگی، جہاں کے تمام عملے کی ویکسی نیشن کی گئی ہوگی۔
اس حوالے سے پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا تھا کہ 30 اگست سے تمام تعلیمی اداروں کو مشروط طور پر کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے، وہی اسکول 50 فیصد طلبہ کی حاضری کے ساتھ تدریسی عمل جاری رکھ سکیں گے، جہاں کا تمام عملہ مکمل ویکسی نیٹڈ ہوگا اور والدین کی بھی ویکسی نیشن کی گئی ہوگی۔ اگر کسی تعلیمی ادارے نے اس حوالے سے کوتاہی برتی تو اُس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
قبل ازیں صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ سے پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، اس ملاقات میں پرائیویٹ اسکولز کے تمام عملے کی ویکسی نیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔