بھارت میں اسکول پرنسپل کی طالبہ کے ساتھ زیادتی

میرٹھ: بھارت میں استاد کا طالبہ کی عزت سے کھلواڑ، مذموم حرکت پر خاموشی اختیار کرنے کے لیے فیل کرنے کی دھمکیاں، بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک سرکاری ہائی اسکول کے پرنسپل نے 17 سالہ طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میرٹھ کے سرکاری اسکول کا پرنسپل 9 طلباء کو ٹور پر لے کر گیا، جہاں اس نے طالبات کے لیے ایک ہوٹل میں دو کمرے بک کرائے، ایک کمرے میں 8 لڑکیوں کو ٹھہرایا گیا جب کہ دوسرے روم میں ہائی اسکول کا پرنسپل مبینہ طور پر گیارہویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول پرنسپل نے لڑکی کے کھانے میں کچھ نشہ آور اشیا ملائیں اور پھر اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، جب لڑکی کی جانب سے مزاحمت دکھائی گئی تو پرنسپل نے امتحان میں فیل کرنے اور قتل کی دھمکیاں دیں۔
پولیس کے مطابق ہائی اسکول کے بچے 24 نومبر کو ٹور سے واپس آئے، کچھ روز لڑکی خاموش رہی لیکن بعد میں اس نے سارا واقعہ اپنے خاندان والوں کے سامنے رکھ دیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد کی جانب سے اسکول پرنسپل کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا، جس پر پولیس نے پرنسپل کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔

Girl StudentRapedSchool principle