انصاف کی بالادستی، تعلیم سے ہی ملک فلاحی ریاست بنے گا: وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی۔
وزیراعظم عمران خان کا رحمت اللعالمین ﷺ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ دنیا کے سب سے عظیم انسان ہیں اور ان کی تعریف ناصرف مسلمان بلکہ غیر مسلم بھی کرتے ہیں، لیکن میں نے آج تک نہیں دیکھا کہ ہم نے اپنی زندگیوں کو نبی ﷺ کی سیرت اور تعلیمات میں ڈھالا ہو، ہم مسجد میں تو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے ہیں لیکن مسجد سے باہر یہ کام نہیں ہوتا جب کہ قرآن کہتا ہے کہ نبی ﷺ کی زندگی سے سیکھو اور ان کی سنت پر چلو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے نبی ﷺ کی تعلیمات کو عام آدمی کی زندگی میں لے کر آئیں اور ان کی سنتوں کو عام کریں، اپنی زندگیاں ری ماڈل کرنا ہماری سب سے بڑی کاوش ہوگی، تعلیم کے بغیر کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی، وفاقی حکومت اسکالرشپ پروگرام میں تعاون کررہی ہے اور ہر سال 5.5 ارب روپے 70 ہزار اسکالرشپ پر خرچ کرے گی اور مجموعی طور پر ساڑھے 3 لاکھ اسکالر شپس دی جائیں گی، احساس پروگرام کے ذریعے عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کررہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی قائم ہونے تک معاشرہ اوپر نہیں آسکتا، طاقت ور کو قانون کے نیچے لانے تک قوم اوپر نہیں جاسکتی، کمزور شخص جتنی بڑی چوری بھی کرلے لیکن وہ لندن میں فلیٹ نہیں لے سکتا، لیکن طاقتور آدمی اربوں کی چوری کرتا ہے اور اسے باہر لے جانا پڑتا ہے کیوں کہ اگر وہ پیسہ ملک میں رہے گا تو سب کو نظر آئے گا، عام آدمی کو انصاف ملے تو وہ اپنے ملک سے پیار کرتے گا، انصاف کی بالادستی اور تعلیم سے ہی ہمارا ملک فلاحی ریاست بنے گا۔

inaugurationPM Imran Khanspeechرحمت اللعالمین اسکالرشپ پروگرام