لاہور: سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اس کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہیں اور پاکستان کو پہلے کبھی تنہا چھوڑا نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ گورنر پنجاب نے دونوں ممالک کے تعلقات کو چٹان سے زیادہ مضبوط قرار دیا۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ دونوں ممالک کے مثالی تعلقات 22 کروڑ پاکستانیوں کے لیے قابل فخر ہیں، سعودیہ اور پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام میں اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے، ہر مشکل وقت میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلتا ہے، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی تعلقات دو بھائیوں جیسے ہیں، ہم پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اس کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان کو پہلے کبھی تنہا چھوڑا نہ ہی آئندہ چھوڑیں گے۔