ریاض: سعودی عرب کا بڑا اعلان، عازمین حج کی تعداد پر پابندی ختم کردی۔
سعودی عرب کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیع نے بیان میں کہا کہ رواں سال حج کے لیے عازمین کی تعداد پر عائد پابندی ختم کردی گئی ہے۔ عازمین حج کی تعداد پر پابندی کورونا وبا کے باعث عائد کی گئی تھی۔
وزیر حج و عمرہ نے حج کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حج کی ادائیگی کے لیے اب زیادہ سے زیادہ یا کم سے کم عمر کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
گزشتہ سال سعودی حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 65 سال سے کم عمر کے 10 لاکھ عازمین کو حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ سال 2019 میں 25 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔
حج ہر سال اسلامی مہینے ذوالحج کی 8 سے 12 تاریخ کے درمیان ادا کیا جاتا ہے۔ رواں سال حج 26 جون سے یکم جولائی تک متوقع ہے۔