ریاض: سعودی عرب نے سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے قریباً 2 کروڑ حجاج اور عمرہ زائرین کی میزبانی کی۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی قومی مرکز برائے کارکردگیِ سرکاری ادارہ جات (اداء) کا کہنا ہے کہ سال 2025 میں ایک کروڑ 95 لاکھ غیر ملکی حجاج اور عمرہ زائرین کی میزبانی کی گئی۔
ادارے کی رپورٹ کے مطابق فراہم کی جانے والی خدمات پر زائرین کے اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زائد رہی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ زائرین کی خدمت کے پروگرام کے تحت زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات پر حجاج کی اطمینان کی شرح 91 فیصد جب کہ معتمرین میں یہ شرح 94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کے معیار کے ساتھ 60 سے زائد اداروں کے باہمی تعاون سے مربوط خدمات کی فراہمی کا ثبوت ہے۔