سعودیہ نے بیمار افراد کے حج کرنے پر پابندی لگادی

ریاض/ اسلام آباد: سعودی عرب کی حکومت نے بیمار افراد کے حج کرنے پر پابندی لگادی، سعودیہ کا کہنا ہے کہ صرف تندرست اور توانا افراد ہی حج پر آسکیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو حج 2025 سے متعلق ہیلتھ ایڈوائزری موصول ہوگئی، جس میں پاکستان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفرِ حج پر روانہ نہیں ہوسکیں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے مراسلے میں کہا ہے کہ موسم کی شدت کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفرِ حج کی اجازت دی جائے گی، گردہ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے پیچیدہ مریضوں کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان نے کہا کہ ڈیمنشیا اور متعدی امراض مثلا ٹی بی، کالی کھانسی کے حامل افراد کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی، 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان کے مطابق عازمینِ حج کے لیے گردن توڑ بخار، کورونا، موسمی انفلوئنزا، پولیو سے بچائو کی ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔

 

BannedletterPakistanPerforming HajjSaudi arabiaSick People