اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر جمع کروادیے ہیں۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دوست ملک سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں 2 ارب ڈالر ڈپازٹ کردیے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور اپنی طرف سے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں معاشی معاملات میں مزید بہتری کی طرف جائیں گے، پاکستان کی معیشت پہلے سے بہتر ہے، جلد مزید استحکام پیدا ہوگا۔
دھیان رہے کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ طے پاگیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے وزارت خزانہ کے بھیجے گئے 8.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا منصوبہ مان لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو آئی ایم ایف، عالمی بینک، ایشین ڈیولپمنٹ بینک، چین، سعودیہ اور یو اے ای سے فنانسنگ حاصل کرنی ہے جب کہ رواں مالی سال کے دوران چین سے 3.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ کا انتظام کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے پلان کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنانسنگ حاصل کرنی تھی۔
اس کے علاوہ یو اے ای سے ایک ارب ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ حاصل کی جائے گی۔