مکۃ المکرمہ: مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمان والوں کو اللہ سے ڈرنا چاہیے اور تقویٰ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شیطان مسلمانوں کا دشمن ہے اور مسلمانوں کو اس سے دور رہنا چاہیے، مسلمانوں کو آپس میں اتحاد و اتفاق رکھنا چاہیے، اگر کوئی اپنے دشمن کو معاف کرے گا تو اللہ اسے اپنا دوست بنالے گا۔
شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو بطور دین انسانیت کے لیے پسند کیا ہے اور دین مکمل ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیکی برائیوں کو مٹا دیتی ہے، اسی لیے نیکی کی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کی عبادت ایسی کرنی چاہیے جیسے اللہ کو دیکھ رہے ہوں۔
امام مسجد الحرام نے کہا کہ دین اسلام کے تین درجات ہیں اور سب سے بڑا درجہ احسان ہے، والدین سے صلہ رحمی، نرمی اور وعدوں کی تکمیل بھی دین کا حصہ ہے اور حیا ایمان کی شاخ ہے۔
شیخ صالح بن عبداللہ نے کہا کہ حج کے دوران اللہ کا بہت زیادہ ذکر کرنا چاہیے، دعائیں کرنی چاہئیں اور دنیا و آخرت کی بھلائیاں مانگنی چاہئیں۔ اللہ نے فرمایا کہ نیکی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور بری باتوں سے رک جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ صبر کرنے والوں کو پورا ثواب عطا کرتا ہے اور ایمان والوں کو سچی باتیں کہنی چاہئیں، جھوٹ سے بچنا چاہئے۔
شیخ صالح بن عبداللہ نے اس موقع پر دعا کروائی کہ اللہ فلسطین کے بھائیوں کی مدد فرمائے اورعورتوں اور بچوں کو قتل کرنے والے ظالموں کو برباد کردے اور ان کے قدم اکھیڑ دے۔
اس موقع پر امام حج نے دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کرائیں۔