اسلام آباد: وزیراعظم نے ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کا مقصد تعمیرات و ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا فروغ بالخصوص نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت معاشرے کے کم آمدن والے افراد کے لیے سستے گھر تعمیر کرنا ہے۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
وزیراعظم میڈیا ونگ کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ہفتہ میں دو بار وزیراعظم عمران خان کو اجلاس کی کارروائی کی پیش رفت سے آگاہ کریں گے جب کہ کمیٹی میں سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس یا ان کا نمائندہ، سیکریٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشیٹو، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری پاور، سیکریٹری پٹرولیم، سیکریٹری قانون و انصاف، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان، چیف سیکریٹریز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی شامل ہیں۔
کمیٹی کے اجلاس منگل اور جمعہ کو منعقد ہوں گے، تاہم کمیٹی کے سربراہ ضرورت کے مطابق اجلاسوں کی تعداد بڑھاسکتے ہیں۔