ممبئی: بھارتی فلموں کی معروف کوریوگرافر سروج خان ممبئی میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سروج خان کے انتقال کی تصدیق ان کی بیٹی سُکینہ خان نے کی۔
72 سالہ سروج خان شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا تھیں، انہوں نے بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے قدم رکھا اور پھر رفتہ رفتہ ان کا کیریئر آگے بڑھتا چلا گیا۔
سروج خان نے بولی وُڈ کی ممتاز ترین رقص کی ماہر اداکاراؤں سری دیوی، مادھوری اور ایشوریا رائے کے ساتھ کام کیا اور کئی گانوں کے رقص کی ہدایات دیں۔
سروج خان نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ‘دیوداس’ کے گانے دل ڈولا رے، فلم ‘تیزاب’ میں مادھوری ڈکشت کے گانے ایک دو تین، ‘مسٹر انڈیا’ میں گانے ہوا ہوائی سمیت متعدد گانوں کی کوریوگرافی کی۔