اسلام آباد: نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث طاقتور عناصر کو بھی روکا جارہا ہے، کوئی کتنا ہی بڑا آدمی ہو کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ایک ماہ کے دوران حاصل نتائج بتانا چاہتا ہوں، حکومت نے گندم، چینی، یوریا اور پٹرولیم کی اسمگلنگ کو روکا، اینٹی اسمگلنگ کے حوالے سے مشترکہ چیک پوسٹس قائم کردی ہیں، جن میں کسٹم، فرنٹیئر کور اور تمام ادارے شامل ہیں۔
نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا کہ ڈالر کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے خاتمے کے لیے 1068 ایف آئی آرز درج کیں، نارکوٹکس کے خلاف بھی بھرپور مہم جاری ہے، 242 مقدمات درج کیے۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور عناصر کو بھی روکا جارہا ہے، کوئی کتنا ہی بڑا آدمی ہو، کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں، ملوث افسران کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ اسمگلنگ میں سیکیورٹی فورسز ملوث نہیں تھیں، کیونکہ یہ اسمگلنگ اونٹوں پر نہیں بلکہ ٹرکوں پر ہورہی تھی، میں اس میٹنگ میں شریک تھا جس میں آرمی چیف نے اپنے لوگوں کو واضح کہا ہے کہ ناصرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ ملوث افسران کو جیل بھی بھیجا جائے گا، فوج کا اپنا ایک احتساب کا نظام ہے جو ہم نے 9 مئی کو دیکھا۔
سرفراز بگٹی نے یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں دہشت گردی میں واضح کمی آئے گی، سیکیورٹی آپریشنز کے نتیجے میں دہشت گرد پریشان ہوکر زیادہ حملے کرتے ہیں، وہ دھماکے کرکے ریاست کو بیک فٹ پر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ آگے بڑھ کر ان سے لڑیں گے، یہاں تک کہ ایک بھی دہشت گرد ملک میں باقی نہ رہے، تاکہ ہم اپنی مرضی سے جیئیں، بندوق کے زور پر کسی کو اپنا ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دیں گے۔