سرفراز احمد نے یقینی شکست سے بچالیا، دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا

کراچی: پاکستان کے دورے پر آئی مہمان ٹیم نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا۔
وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے یقینی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈ کے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنز بنائے، پاکستان کو جیت کے لیے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی، تاہم آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔
یوں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی بے نتیجہ ختم ہوگئی۔ آج آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی امام الحق تھے جو ایک بار پھر آگے بڑھ کر شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایش سودھی کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ شان مسعود بھی آگے بڑھ کر لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔
سرفراز اور سعود شکیل نے کیوی بولرز کے سامنے مزاحمت کی اور چھٹی وکٹ پر 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم سعود شکیل 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد سرفراز اور آغا سلمان کے درمیان بھی 70 رنز کی شراکت ہوئی، لیکن آغا سلمان 30 رنز پر ہینری کا شکار بنے جب کہ حسن علی بھی 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
سرفراز احمد نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، لیکن نسیم شاہ اور ابرار نے کیویز بولر کا ڈٹ کر سامنا کیا۔
پاکستان کو جیت کے لیے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی کہ آج کی اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا اور یوں دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا اور 2 میچز کی سیریز بھی نے نتیجہ ختم ہوگئی۔
کیویز کی جانب سے براس ویل نے 4، سودھی اور ساؤتھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شاندار بیٹنگ پر سرفراز احمد کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر وہ مین آف دی سیریز بھی قرار پائے۔ سرفراز احمد نے سیریز کی چار اننگز میں تین ففٹیز اور ایک شان دار سنچری بنائی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔
دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 2.5 اوورز میں بغیر کسی رن کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

CenturykarachiNew zealand tour of pakistanPakistan Vs NZSarfaraz Ahmedsecond testTest Drawn