سرفراز احمد کا شادی کی تاریخ تین بار تبدیل ہونے کا انکشاف

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے اپنی شادی کی تاریخ تین بار تبدیل ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران حال ہی میں سرفراز احمد نے دیگر دلچسپ موضوعات سمیت اپنی شادی پر بھی بات کی۔
سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی اور میری شادی ایک ساتھ ہوئی، یہ 2015 کا وقت تھا جب زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تھی اور اسی دوران میری شادی ہوئی۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ 2015 میں زمبابوے کی ٹیم جب پاکستان آئی تو حالات ایسے تھے کہ کوئی میچ نہیں چھوڑاجاسکتا تھا، اسی دوران میری شادی بھی تھی لیکن میں نے فیصلہ کیا تھا کہ شادی بھی کروں گا اور میچ بھی کھیلوں گا، یہی وجہ ہے کہ میری شادی کی تاریخیں بھی 3 بار تبدیل ہوئیں۔
سابق کپتان نے اہلیہ سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ بیگم نے میرے کیریئر کے سارے اتار چڑھاؤ دیکھے، 2019 کے ورلڈکپ میں بیگم میرے ساتھ تھیں، اس کے بعد بھی ہر موقع پر میری سپورٹ بن کر میرے ساتھ رہیں۔
سرفراز احمد نے مزید بتایا کہ اہلیہ کو میں شادی سے پہلے سے جانتا تھا، میرے سسر کو بھی کرکٹ کا بہت شوق رہا ہے، ان سے بڑی اچھی دوستی بھی ہے اور وہ میری کرکٹ کی تعریف بھی کرتے ہیں، ہماری شادی لو اور ارینج دونوں تھی جب کہ اہلیہ گلشن اقبال میں رہتی تھیں۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد 2015 میں سید خوش بخت سے شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔

Big RevealedFormer captain Pakistan Cricket TeamMarriage date three times changeSarfaraz Ahmed