احمد شہزاد اور عمر اکمل انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے متعلق واضح فیصلہ کریں، سرفراز

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے 12 سے 29 ستمبر تک شیڈول چیمپئنز ون ڈے کپ سے قبل سینئر کرکٹرز احمد شہزاد اور عمر اکمل کو اہم مشورہ دے ڈالا۔
چیمپئنز کپ میں ڈولفنز کے مینٹور سرفراز احمد نے دونوں کرکٹرز پر زور دیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے متعلق واضح فیصلہ کریں۔ دونوں بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں، ان کی صلاحیتوں میں کوئی شک نہیں، پاکستان کے لیے عمر اکمل اور احمد شہزاد کی خدمات ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ انہیں کرکٹ ضرور کھیلنی چاہیے، لیکن وہ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ کریں۔
سابق کپتان نے سینئر اور جونیئر دونوں کھلاڑیوں پر مشتمل متوازن ٹیم تشکیل دینے کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے ٹیم میں سینئرز کا ہونا بہت ضروری ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ایک رجحان بنتا جارہا ہے کہ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، تاہم اگر کوئی نوجوان باصلاحیت ہے تو وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنالے گا۔
دھیان رہے کہ 2009 میں پاکستان کیلئے ڈیبیو کرنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد 2016 تک قومی ٹیم کے اہم رکن تھے تاہم سری لنکا کے خلاف 2019 کی ہوم سیریز کے دوران آخری بار میچ کھیلا تھا، جس کے بعد وہ ٹیم سے ڈراپ کردیے گئے اور دوبارہ کم بیک نہ کرسکے۔
دوسری جانب پی سی بی نے حال ہی میں چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے 5 مینٹوز کا اعلان کیا تھا جس میں مصباح الحق، ثقلین مشتاق، سرفراز احمد، شعیب ملک اور وقار یونس شامل ہیں۔
پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25 کے لیے چیمپئنز ون ڈے کپ میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی جن میں ڈولفنز، لائنز، پینتھرز، اسٹالینز اور وولوز۔

 

adviceAhmed ShehzadInternational cricketSarfaraz AhmedUmar akmal