سارہ چوہدری کا یوٹیوب سے ڈرامے ہٹانے پر نجی چینل سے اظہار تشکر

لاہور: دین کی خاطر اداکاری چھوڑنے والی سارہ چوہدری نے اپنے حجاب اپنانے سے پہلے کے دو ڈرامے آن لائن نجی انٹرٹینمنٹ چینل سے ہٹانے پر چینل کا شکریہ ادا کیا ہے۔
حال ہی میں سارہ چوہدری نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے اور پھر کنارہ کشی اختیار کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔
سارہ چوہدری نے 2003 میں شوبز انڈسٹری جوائن کی تھی اور 2010 کے اوائل میں انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
سارہ چوہدری نے کہا کہ میں بہت شکر گزار ہوں کہ میری درخواست پر میرے حجاب سے پہلے کے دو ڈرامے ہٹائے گئے، یہ فیصلہ میرے لیے بہت اہم تھا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ وہ ڈرامے آن لائن موجود نہ رہیں۔
سارہ چوہدری نے کہا کہ مجھے اپنے نئے مذہبی اور ذاتی سفر میں سکون ملا، مداحوں کے ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری خوشی ہے کہ مداحوں نے اس فیصلے کو مثبت انداز میں لیا اور میری ذاتی خواہشات کا احترام کیا۔
سارہ چوہدری نے کہا کہ مالی فوائد، گاڑیاں اور گھر جیسے خواب ان کے شوبز میں داخل ہونے کی وجہ تھے اور اللہ کے فضل سے وہ سب کچھ حاصل ہوا لیکن پھر انہوں نے اپنی زندگی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا اور شوبز کو خیرباد کہا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سفر میں سب سے بڑی مدد اور رہنمائی اللہ کی طرف سے ملی۔ انہوں نے قرآن کو سمجھ کر پڑھنا شروع کیا، حجاب و نقاب اختیار کیا اور پانچ وقت کی نماز پڑھنے لگی۔ سارہ چوہدری نے کہا کہ اس تبدیلی کے دوران مالی مشکلات اور جذباتی چیلنجز بھی آئے مگر اللہ کی رہنمائی اور دینی ماحول نے انہیں مضبوط بنایا۔

Former ActressRemove Drama'sSara ChaudharyThanks To Private TV ChannelYoutube