سانحہ بلدیہ کیس: رؤف صدیقی بری، رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت!

کراچی: سانحۂ بلدیہ فیکٹری کے فیصلے میں رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنادی گئی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحۂ بلدیہ فیکٹری کا فیصلہ سناتے ہوئے رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنادی۔
عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کو عدم شواہد کی بناء پر بری کردیا۔
عدالت نے رؤف صدیقی کے علاوہ ادیب خانم اور علی حسن قادری کو بری کردیا جب کہ باقی چار ملزمان کو سہولت کاری میں سزا سنائی گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 2 ستمبر کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
خیال رہے کہ بلدیہ کی ٹیکسٹائل فیکٹری میں ستمبر 2012 میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 250 سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔
دسمبر 2016 میں بلدیہ فیکٹری کیس میں ملوث ایک ملزم رحمان عرف بھولا کو انٹرپول کی مدد سے بینکاک سے گرفتار کرکے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔
عبدالرحمان بھولا نے اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ اس نے حماد صدیقی کے کہنے پر ہی بلدیہ فیکٹری میں آگ لگائی تھی۔
بعدازاں 27 اکتوبر 2017 کو سانحہ بلدیہ فیکٹری کا مرکزی ملزم حماد صدیقی دبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Baldia factory caseRehman bholaZubair charya