ثناء اور نیلم منیر ایک ساتھ ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گی

کراچی (رپورٹ: جبران سرفراز) پاکستان کی درجنوں فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی ثناء فخر اور نیلم منیر پہلی بار ٹی وی اسکرین پر ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
دونوں سپراسٹارز اس سے قبل ہدایت کار یاسر نواز کی سپرہٹ فلم رانگ نمبر 2 میں ایک ساتھ شاندار پرفارمینس کا مظاہرہ کرچکی ہیں۔ ڈراموں کے ناظرین دل تھام لیں کہ اب یہ دونوں سپراسٹارز سیونتھ اسکائی کے ڈرامے قیامت میں نئی نسل کے اسٹار احسن خان کے ساتھ جلوہ افروز ہوں گی۔
فلم اسٹار ثناء کا کہنا ہے کہ رانگ نمبر 2 کے بعد ایک مرتبہ پھر نیلم منیر کے ساتھ اسکرین شیئر کرکے اچھا لگا۔ قیامت کے ڈائریکٹر علی فیضان ہیں اور اس کے پروڈیوسر سیونتھ اسکائی کے عبداللہ کادوانی ہیں، میرا اور نیلم کا کردار بہت دل چسپ ہے، امید ہے ہم ناظرین کے دل جیت لیں گے۔
ثناء نے بتایا کہ فلم کی طرح ڈراموں میں کام کرکے بہت انجوائے کررہی ہوں۔ میں نے پاکستان فلم انڈسٹری میں طویل وقت گزارا ہے۔ میری تمنا ہے کہ ایک بار پھر فلم انڈسٹری کو عروج ملے اور سنیما گھروں کی رونقیں بحال ہوں۔

Neelum MuneerSana Fakhar