لاہور: شہباز شریف کے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹ میں بھی 9.5 ارب روپے کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ ملازمین رمضان شوگر مل اور العربیہ شوگر مل میں کام کرتے ہیں۔ ایف آئی اے نے ان اکاؤنٹس کی تفصیلات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردی ہیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکاؤنٹ میں 2.3 ارب روپے کا انکشاف ہوا۔ مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ایک قیمتی مرسڈیذ کار بھی خریدی جب کہ شبیر قریشی کلرک کے اکاؤنٹ میں ایک ارب، رانا وسیم کے اکاؤنٹ میں 24 کروڑ، اقرار کے اکاؤنٹ میں 64 کروڑ، تنویر الحق کلرک کے اکاؤنٹ میں 52 کروڑ، خضر حیات اکاؤنٹ کلرک کے اکاؤنٹ میں 1.2 ارب روپے، توقیر الدین کے اکاؤنٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کروائے گئے اور کچھ رقم نکلوائی بھی گئی۔
ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے ان خفیہ بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا اور معلومات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردی ہیں جب کہ اس سلسلے میں ایف ائی اے کے بینکنگ کرائم سرکل نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا اور تمام بینکوں سے ان ملازمین کے نام پر خفیہ اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کی ہیں جب کہ اسی کیس میں سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن اف پاکستان ایس ای سی پی سے ملازمین کے نام پر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
یہ تفصیلات ملنے کے بعد ایک مکمل رپورٹ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردی جائیں گی۔