سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: وفاقی وزارت خزانہ نے یکم مارچ 2021 سے گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے وفاقی ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، گریڈ ایک سے 19 کے ملازمین شامل ہیں جب کہ عمل درآمد کے حوالے سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے تخفیف تفاوت الائونس کے آفس میمورنڈم کے مطابق 25 فیصد تخفیف تفاوت الائونس کا اطلاق ان ملازمین پر نہیں ہوگا جو پہلے سے اضافی الائونس یا بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد مساوی یا اس سے زیادہ الائونس لے رہے ہیں۔ 25 فیصد تخفیف تفاوت الائونس 2017 کی بنیادی تنخواہ کے اسکیل کے مطابق ہوگا، الائونس کا اطلاق گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کے تمام سرکاری ملازمین بشمول وفاقی سیکریٹریٹ اور ملحقہ محکموں پر ہو گا۔

58 اداروں اور محکموں کے ملازمین پر اس الائونس کا اطلاق نہیں ہوگا کیونکہ وہ پہلے سے ہی اضافی الائونس یا بنیادی تنخواہ کے برابر اور اس سے زیادہ الائونس حاصل کررہے ہیں، وزارت خزانہ کے ایک اور آفس میمورنڈم کے ذریعے تخفیف تفاوت الائونس کے اطلاق سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری ریگولیشنز وزارت خزانہ کی قیادت میں کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں جوائنٹ سیکریٹری ریگولیشنز فنانس ڈویژن، ڈپٹی ملٹری اکائونٹنٹ جنرل، ایڈیشنل اکائونٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں میں جوائنٹ سیکریٹریز کے عہدے کا افسر شامل ہوگا جب کہ ڈپٹی سیکریٹری (آر آئی) وزارت خزانہ کمیٹی کے سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔

federal employeesnotificationreleasesalaries increase