کراچی: پاکستان کی طرح دنیا بھر میں یوم دفاع منایا گیا۔ دفاع پاکستان میں کرسچن برادری کی ناقابل فراموش خدمات کے حوالےسے نیو کاسل کرسچن نیٹ ورک کے تحت یوم دفاع کے موقع پر زوم پر آن لائن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سابق فوج افسران نے دفاع پاکستان کی یادیں تازہ کیں اور گلوکاروں نے ملی اور قومی نغمے پیش کیے۔
معروف گلوکار ساغر گل، سمیرا جاوید اور عالمی شہرت یافتہ اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے آواز کا جادو جگایا۔ گلوکارہ سائرہ پیٹر نے جب ممتاز شاعر ڈاکٹر جمیل الدین عالی کا لکھا ہوا سپرہٹ قومی نغمہ۔۔۔اے وطن کے سجیلے جوانو۔۔۔ میرے نغمے تمہارے لیے ہیں۔ اپنی مدھر آواز میں پیش کیا تو پاکستان زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے فضا میں گونج اٹھے۔ بعدازاں انہوں نے نامور شاعر صوفی غلام مصطفیٰ تبسم کا مشہور ترین ملی گیت۔۔۔ اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے۔۔۔ گایا تو محفل میں رنگ جمادیا۔ یوم دفاع کی اس یادگار محفل کو امریکا، برطانیہ، پاکستان اور دیگر ممالک میں زوم کے ذریعے بیک وقت دیکھا گیا۔