صائم کی سنچری، دوسرے ون ڈے میں پاکستان 10 وکٹوں سے کامیاب

بلاوائیو: اوپنر صائم ایوب کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا آج دوسرا میچ بلاوائیو میں کھیلا گیا، جہاں میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کرسکے اور میزبان ٹیم 32.3 اوورز میں 145 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔
زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 146 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد نے 4، سلمان علی آغا نے 3 اور صائم ایوب اور فیصل اکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جب کہ ایک بیٹر رن آؤٹ ہوا۔
جواب میں 146 رنز کا ہدف پاکستان نے بغیر وکٹ گنوائے 19ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا، صائم ایوب نے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 113 رنز بنائے جب کہ عبداللہ شفیق 32 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی کامیابی کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ بارش سے متاثرہ پہلے میچ میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 80 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے 2 کھلاڑی ابرار احمد اور طیب طاہر پہلی مرتبہ پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رہے تھے۔

10 Wickets2nd OdiPakistan Beat ZimbabwePakistan Visit ZimbabwePlayer of the MatchSaim Ayub Ton