احمد آباد طیارہ حادثے پر افسردہ، دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کے حادثے پر افسردہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے میں مرنے والوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف، خواجہ آصف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طیارہ حادثے اور اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی ایئرلائن ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے لندن جارہا تھا جو اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور رہائشی عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک 242 اموات کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

Ahmedabad IndiaPlane CrashedPM Shehbaz Sharif