کراچی: نامور ماڈل و اداکارہ صدف کنول نے خوبصورتی کے لیے سرجریز کروانے کا انکشاف کر ڈالا، انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے لے کر جوانی تک بہت ہی عام شکل و صورت کی تھیں، لیکن بعد میں انہوں نے سرجریز کروائیں، جس کے بعد وہ دکھنے میں خوبصورت ہوگئیں۔
صدف کے ایک انٹرویو کا کلپ سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہے، جس میں وہ اعتراف کررہی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے جاذبِ نظر نہیں تھیں، بلکہ انٹرٹینمنٹ کی فیلڈ میں آنے کے بعد وہ اس طرح کی دکھائی دینے لگی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میری بچپن میں بہت عام سی شکل تھی، پھر بڑی ہوئی تو انسٹاگرام دیکھا اور سوشل میڈیا عام ہوا تو ڈینٹنگ پینٹنگ کروائی، تھوڑے دانت صحیح کروائے تو ٹھیک ہوگئی، پیاری ہوگئی۔
صدف کنول کا مزید کہنا تھا کہ مجھے انڈسٹری میں کچھ اداکارائیں نہیں پسند، میں ان سے بات نہیں کرتی جس پر مجھے بناوٹی کہا جاتا ہے، ٹھیک ہے آپ کہہ لیں مجھے بناوٹی مگر میں فیک نہیں ہوں۔
اُن کا یہ بھی بتانا تھا کہ میں نے بی کام تک تعلیم حاصل کی ہے، اس کے بعد میں تعلیم مکمل نہیں کرسکی جس کا مجھے بہت افسوس ہے۔