کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد حسین رضوی رہا!

لاہور: کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو رہا کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد حسین رضوی کو رہا کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی رہائی حکومت اور ٹی ایل پی کی مجلس شوریٰ کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔
حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان طے پائے گئے معاہدے کے تحت ملک بھر سے گرفتار کیے گئے کارکنوں کو رہا کیا جائے گا، ان کے خلاف درج مقدمات واپس لیے جائیں گے اور جن رہنماؤں کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے، ان کے نام اس فہرست سے نکالے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 12 اپریل کو ٹی ایل پی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت نے 20 اپریل تک معاہدے پر عمل نہ کیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا، جس کے چند ہی گھنٹوں بعد سعد رضوی کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔
اس کے بعد ملک بھر میں دھرنے اور مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ ٹی ایل پی کو کالعدم بھی قرار دیا گیا تھا۔

AmeerKot lakhpat JailRelease from jailSaad Hussain RizviTLP