سعد رضوی کا نام ’فورتھ شیڈول‘ میں شامل، اثاثے منجمد، شناختی کارڈ بلاک

سعد رضوی کا نام ’فورتھ شیڈول‘ میں شامل کرکے ان کے  اثاثے منجمد کردیے گئے اور شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کا نام مشتبہ دہشت گردوں کی فہرست ’فورتھ شیڈول‘ میں شامل کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ شیڈول فور میں نام شامل ہونے کے بعد علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کے بیٹے سعد رضوی کی جائیداد منجمد کردی گئی ہے اور شناختی کارڈ بلاک کردیا گیا ہے۔ سعد رضوی اب اپنا کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال نہیں کرسکیں گے، نہ وہ اب جائيدادکی خرید و فروخت کرسکیں گے۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ انہیں اپنی مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینی ہوگی۔ سعد رضوی کو کہاں جانا ہے اور کس سے ملنا ہے، اس کی تفیل بھی متعلقہ تھانے کے انچارج کو فراہم کرنی ہو گی۔

Saad Rizvi included in 4th schedule