لاہور: پاکستانی فلموں کے معروف ہدایت کار، پروڈیوسر اور فلم ساز ایس سلیمان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اُن کے اہل خانہ کے مطابق ایس سلیمان کو ایک عرصےسے فالج کا مرض لاحق تھا اور وہ ذیابیطس میں بھی مبتلا تھے۔ ان کی اہلیہ زریں کا کہنا ہے کہ ایس سلیمان ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی اسپتال میں زیرعلاج رہے۔ ان کی نمازجنازہ جمعہ کو نجی سوسائٹی میں اداکی جائے گی۔
فلم ڈائریکٹر ایس سلیمان ماضی کے مقبول اداکار سنتوش کمار اور درپن کے چھوٹے بھائی تھے۔ ان کی پہلی فلم ’’گلفام‘‘ 1961 میں ریلیز ہوئی۔ انہوں نے 60 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی جن میں ’’اناڑی‘‘، ’’زینت‘‘، ’’باجی‘‘، ’’اف یہ بیویاں‘‘، ’’محبت‘‘، ’’آگ‘‘، ’’جیسے جانتے نہیں‘‘ و دیگر شامل ہیں۔