اسلام آباد: روس کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینکو، کی زیر قیادت پارلیمانی وفد 27 سے 29 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کررہا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے روس کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینکو کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے پر خوش آمدید کہا ہے۔
سینیٹ کے چیف وہپ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے 27 اکتوبر سے 29 اکتوبر 2024 تک پاکستان کے سرکاری دورے پر روس کی فیڈریشن کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینکو کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔ یہ پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی اور پارلیمانی تعلقات کی مضبوطی میں اہم موقع قرار دیا جارہا ہے، جس سے دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کے لیے تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے ماضی میں روس میں اپنی سفارتی مصروفیات کی عکاسی کرتے ہوئے، سینیٹر مانڈوی والا نے سینیٹ آف پاکستان کے قائم مقام چیئرمین کی حیثیت سے اپنے ماسکو کے دورے کو یاد کیا، جس میں انہوں نے "جدید دنیا میں پارلیمنٹس کے کردار پر بین الاقوامی کانفرنس” میں شرکت کے لیے 5 رکنی وفد کی قیادت کی تھی۔ یہ دورہ دو طرفہ پارلیمانی تبادلوں کو آگے بڑھانے اور جاری تعاون کی بنیاد قائم کرنے میں ایک نتیجہ خیز قدم ثابت ہوا تھا۔
سینیٹر مانڈوی والا روس کی اسپیکر ماتویینکو کا خیرمقدم کرنے اور بامقصد بات چیت میں مشغول ہونے کی توقع رکھتے ہیں، جس کا مقصد پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات اور باہمی افہام و تفہیم کو مزید گہرا کرنا ہے۔