کیف: روس کے یوکرین پر حملے کو 100 روز پورے ہوگئے اور اس دوران روسی افواج کی کارروائیوں میں یوکرین میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 فروری کو یوکرین میں روسی افواج کے داخلے کے بعد سے اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے جب کہ لاکھوں بے گھر ہیں۔
امریکا اور اس کے اتحادیوں نے یوکرین پر روسی حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے اور اس معاملے پر روس کے احتساب کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
امریکی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے احتساب اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق ہونے والے اجلاس میں کہا کہ ان 100 دنوں میں دنیا نے دیکھا کہ روسی فورسز نے میٹرنٹی اسپتالوں، ٹرین اسٹیشنز، رہائشی عمارتوں اور گھروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں عام شہری بھی مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا یوکرین میں جاری بربریت پر اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر بین الاقوامی تحقیقات کی تیاری کررہا ہے۔
آئر لینڈ کے اٹارنی جنرل نے یوکرین کے معاملے پر امریکی اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آئرلینڈ ان 141 ممالک میں سے ایک ہے جس نے یوکرین کا معاملہ فوری جرائم کی عالمی عدالت کو بھجوایا۔