روس کا 300 ڈرون اور 50 میزائل کے ساتھ یوکرین پر بڑا حملہ

کیف: روس نے یوکرین پر ایک بار پھر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں توانائی، ریلوے اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے ایک ہی رات میں تقریباً 50 میزائل اور 300 ڈرون فائر کیے۔
یوکرینی حکام کے مطابق حملوں کا بڑا ہدف توانائی کا شعبہ تھا، تاہم کئی رہائشی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔ دارالحکومت کیف اور اس کے نواحی علاقوں میں ایک شخص ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر روسی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں یوکرین کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ماسکو کے میئر سرگئی سوبینن نے دعویٰ کیا کہ یوکرین کی جانب سے داغے گئے قریباً 20 ڈرون ماسکو کی طرف آتے ہوئے تباہ کردیے گئے، جس کے بعد کچھ دیر کے لیے ماسکو کے ہوائی اڈوں کی پروازیں معطل کی گئیں۔
یوکرین کی وزارتِ توانائی کے مطابق مشرقی اور جنوب مشرقی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ مغربی شہر لیوو میں بھی دھماکا ہوا جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ مقامی حکام نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ حملے روس کے یوکرین پر مکمل حملے کی چوتھی برسی سے چند روز قبل کیے گئے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

300 Drones50 MissilesRussia Attack Ukraine