ماسکو: سابق امریکی صدر بارک اوباما اور متعدد صحافیوں سمیت 500 امریکیوں کے ملک میں داخلے پر روس نے پابندی عائد کردی۔
امریکی میڈیا کے مطابق روسی پابندیوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر بارک اوباما،امریکی میڈیا کے صحافی، متعدد امریکی سینیٹرز، سابق امریکی سفیر اور متوقع چیئرمین جوائنٹ چیفس بھی شامل ہیں۔
اس ضمن میں روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بارک اوباما سمیت 500 امریکیوں پر ملک میں داخلے پر پابندی روس مخالف اقدامات کا ردعمل ہے۔
روس وزارت خارجہ کے مطابق جوبائیڈن انتظامیہ روس پر مسلسل پابندیاں عائد کررہی ہے، امریکا کو یہ بات بہت پہلے سمجھ لینی چاہیے تھی کہ ہمارے خلاف ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔