کراچی: مقبول اداکار جوڑی عروہ حسین اور فرحان سعید نے کئی سال بعد عید پر ایک ساتھ تصاویر شیئر کیں، جس سے اس جوڑی کی علیحدگی کی افواہیں دم توڑ گئیں اور مداحوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
سال 2020 سے ہی دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں زیر گردش تھیں اور ان برسوں میں دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک ساتھ تصویر بھی پوسٹ نہیں کی تھیں، کئی انٹرویوز میں جب ان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو دونوں نے اسے ذاتی مسئلہ قرار دیا۔
اب اداکار جوڑے نے عیدالفطر کے موقع پر ایک ساتھ کھنچوائی گئی رومانوی تصاویر شیئر کرکے اپنی شادی ختم ہونے کی تمام افواہوں کا خاتمہ کردیا۔
تصویروں میں عروہ حسین نے گلابی اور فرحان سعید نے سفید رنگ کا لباس پہنا ہوا ہے، خوش گوار موڈ میں دکھنے والے اس جوڑے نے ان تصاویر کے ذریعے مداحوں کو عید کی مبارک باد پیش کی۔
عروہ اور فرحان کی ان تصاویر پر جہاں شوبز شخصیات خوش دکھائی دیں اور انہوں نے تبصرے کیے وہیں مداحوں نے بھی انہیں ایک ساتھ دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔