پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ روبینہ اشرف کورونا وائرس سے مکمل صحت یابی کے بعد اب اپنے گھر منتقل ہوگئیں۔
روبینہ اشرف کی بیٹی منیٰ طارق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے والدہ کے گھر آنے کی خوشی میں اپنے گھر کو سجایا ہوا تھا۔
منیٰ طارق نے اپنی والدہ کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی جس پر انہوں نے لکھا کہ ’یہ سب اس مسکان کے لیے جس کے بارے میں، میں نے سوچا تھا کہ شاید میں اسے کبھی نہ دیکھ پاؤں اور ان ہاتھوں کے لیے جن کے بارے میں، میں نے سوچا کہ میں انھیں شاید اب کبھی نہ چوم پاؤں‘۔
منیٰ طارق نے والدہ کے ساتھ تصویر کے کیپشن میں مزید لکھا کہ ’میری والدہ جو ایک ماہ تک کورونا وائرس میں مبتلا رہیں، آج یہ صحت یاب ہوکر دوبارہ ہمارے درمیان موجود ہیں‘۔
منیٰ طارق کا کہنا تھا کہ ’میں نے روزانہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مجھے میری سب سے بہترین چیز دوبارہ لوٹا دیں، اس وقت نے مجھے نہ صرف یہ سکھایا کہ میں ان کا زیادہ خیال رکھوں بلکہ اس نے مجھے یہ احساس بھی کروادیا کہ میں ان کے بغیر کچھ بھی نہیں‘۔
خیال رہے کہ اداکارہ روبینہ اشرف میں گزشتہ دنوں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جب کہ سوشل میڈیا پر ان کی طبیعت بگڑنے کے حوالے سے افواہیں بھی گردش کرنے لگی تھیں۔
بعد ازاں اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی منیٰ طارق نے افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔