ریاض: سعودی عرب نے دوسرے مرحلے میں ڈھائی لاکھ مقامی شہریوں کو عمرے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ روضہ رسول ﷺ کو بھی 18 اکتوبر سے زیارت کے لیے کھولا جائے گا۔
سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کو ایپ کے ذریعے اجازت نامہ لینا ضروری ہوگا۔
دوسری جانب عمرے کی ادائیگی کے لیے تیسرے مرحلے کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا، جس کے تحت غیر ملکی زائرین بھی عمرے کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے شوگر، ہائی بلڈپریشر، امراض قلب، جگر اور حاملہ خواتین کو عمرہ اور زیارت مؤخر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کے باعث رواں سال حج میں بھی محدود افراد نے شرکت کی تھی، جن میں مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکی اور مقامی افراد شامل تھے۔