کراچی: ملک بھر میں کہیں بھی ذوالحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا گیا، عیدالاضحیٰ 10 جولائی کو ہوگی۔
ذوالحجۃ 1443 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی جب کہ دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، جس میں کمیٹی اراکین، معاونت کے لیے تکنیکی ماہرین، محکمہ موسمیات کے حکام سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
ملک کے کسی بھی گوشے سے مرکزی اور زونل کمیٹیوں کو چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں موصول نہ ہوئیں، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے پریس کانفرنس میں چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کہیں چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لٰہذا کل 30 ذالقعدہ ہوگی جب کہ عیدالاضحیٰ اتوار 10 جولائی کو ہوگی۔
مرکزی اجلاس میں وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک تھے۔
قبل ازیں سیکریٹری رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے پیش گوئی کی تھی کہ ہلال کی رویت صرف اُس وقت ہوتی ہے جب اُس کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت 19 گھنٹوں سے زائد ہو۔