ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا!

کراچی: ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کی خاطر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جب کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے آج چاند کی رویت کی پیش گوئی کی ہے۔
ذوالحجہ 1441 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمٰٰن کی زیر صدارت آج بعد نماز عصر کراچی میں ہورہا ہے جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ذُوالحجہ 1441 ہجری کے چاند کی پیدائش ہوچکی، آج پاکستان میں کراچی اور گردونواح کے مطلع میں چاند نظر آجائے گا، اگر بادل ہوں تو رویت ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور چاند کا بالکل صحیح مقام دیکھیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ملک میں کہیں بھی رویت ہلال کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے ذی القعدہ کے تیس دن مکمل ہوں گے اور بدھ کو ذی الحجہ کا آغاز ہوگا۔ حجاج کرام 30 جولائی جمعرات کو مقام عرفات میں وقوف کریں گے جب کہ عید الاضحیٰ جمعہ 31 جولائی کو منائی جائے گی۔