اسلام آباد: حکومت پاکستان نے پی آئی اے کی ملکیت نیویارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کی نج کاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا، اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل کے مستقبل کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی نے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کی ٹاسک فورس کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، روز ویلٹ ہوٹل کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا۔ روز ویلٹ ہوٹل کو نجی پارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے چلایا جائے گا۔
اس کے علاوہ کہا گیا کہ روز ویلٹ ہوٹل کی نج کاری نہیں کی جائے گی، روز ویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر پر چلانے کے لیے فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ نجکاری کمیشن کو روز ویلٹ ہوٹل کا فنانشل ایڈوائزر تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ روزویلٹ ہوٹل کی نج کاری پر بہت ٹیکس دینا پڑیں گے، روز ویلٹ ہوٹل کے بارے میں تمام فیصلے میرٹ پہ کیے جائیں گے۔