کراچی: پاکستان کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے وزڈن کی جانب سے 2021 کے لیے ’کرکٹرز آف دی ایئر‘ میں جگہ بنالی۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو گزشتہ سال انگلینڈ میں شان دار کارکردگی پر وزڈن فائیو 2021 میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد رضوان نے گزشتہ سال دورہ انگلینڈ میں شاندار وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز میں 161 رنز بنائے اور 5 کیچز پکڑے تھے۔
پاکستانی اسٹار کو دیگر 4 کھلاڑہوں، ڈوم سبلی، جیسن ہولڈر، زاک کرولی اور ڈیرن اسٹیون کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ قبل ازیں 2017 میں یونس خان اور مصباح الحق وزڈن کی فہرست میں شامل ہونے والے آخری پاکستانی کھلاڑی تھے۔ اب محمد رضوان اس میں جگہ بنانے والے 18ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دوسری جانب وزڈن نے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو لیڈنگ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا ہے۔
خیال رہے انگلش یا غیرملکی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں پیش کی جانے والی کارکردگی کی بنیاد پر وزڈن کرکٹ آف دی ایئر کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔