رنگ روڈ اسکینڈل: کسی وزیر، مشیر کے ملوث ہونے کا ثبوت نہیں ملا: فواد

اسلام آباد: فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ راولپنڈی کے معاملے میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضح ہے، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، اب چاہے وہ اپوزیشن کے رہنما ہوں، کابینہ کے رکن، افسر شاہی سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی ادارے سے، الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی اور جواب دہی کا اصول لاگو ہوگا، یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔
انہوں نے رنگ روڈ راولپنڈی اسکینڈل سے متعلق کہا کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں سابق کمشنر راولپنڈی اور ان کے ساتھ مزید افسران اس اسکینڈل میں شریک تھے، مزید تحقیقات کے لیے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے، ابھی تک اس معاملے میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں ہی ہوسکتا تھا کہ اگر الزامات لگیں تو تحقیقات ہوتی ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور میں میڈیا کے گلے بیٹھ جاتے تھے، لیکن مجال ہے کان پر جوں بھی رینگے، یہی نظام میں تبدیلی ہے، حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہونا چاہیے، طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے مبرا نہیں۔
دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی سوچ کے مطابق شہباز شریف کو باہر جانے سے روکا ہے، شہباز شریف پہلے بھی سیاسی فائدہ اٹھانے پاکستان آئے تھے، اس دفعہ نہیں آئیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نیب سے کہتے ہیں کہ جتنی صلاحیت ہے اتنے ہی کیسز کھولا کریں۔

Fawad ChaudharyRing Road ScandalTweet