کراچی: اداکارہ ردا اصفہانی نے کہا ہے کہ ان کی نجی ویڈیوز ان کے سابق منگیتر نے لیک کی تھیں۔
ردا اصفہانی نے گزشتہ ماہ میزبان نادر علی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نجی ویڈیوز لیک کرکے سابق منگیتر نے بھروسہ توڑا، میرے سابق منگیتر نہ ہی کوئی بہت امیر انسان تھے نہ ہی کسی اعلیٰ عہدے پر فائز شخصیت، وہ صرف ایک ڈی او پی تھے، اس کے باوجود میں نے تعلق استوار کیا اور ان سے شادی کا فیصلہ کیا، لیکن جب میں منگیتر سے اجازت لے کر امریکا گئی تو پیچھے سے یہ سب ہوگیا۔
ردا اصفہانی نے آبدیدہ ہوتے ہوئے بتایا کہ لیک ویڈیو کے اسکینڈل پر پروفیشنلی بھی آج تک طعنے ملتے ہیں، یہی نہیں بلکہ یہ اسکینڈل کیریئر پر بھی خاصا اثرانداز ہوا۔
اداکارہ نے کہا کہ اس وقت جو تکلیف والدین اور اہل خانہ کو میری وجہ سے ملی، میں اس تکلیف پر خود کو معاف نہیں کرسکتی، یہ تکلیف میرے ساتھ میری قبر تک جائے گی، مجھے میرے اللہ سے معافی مانگنی ہے جو میں آج بھی مانگتی ہوں۔