کابل میں معمولات زندگی بحال، خواتین کو تعلیم اور روزگار کی اجازت

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے، شہر میں دکانیں کھل گئیں، خواتین کو تعلیم اور روزگار کی اجازت دے دی گئی جب کہ افغان میڈیا پر خواتین اینکرز دوبارہ نظر آنے لگیں۔
طالبان کے نمائندے نے نیوز اینکر کے ساتھ موجودہ صورت حال پر بات چیت بھی کی۔
دوسری جانب طالبان نے افغانستان میں سرکاری ملازمین کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا۔ طالبان رہنماؤں کی طرف سے کہا گیا کہ کابل میں حالات نارمل ہیں، سرکاری ملازمین کام پر واپس آجائیں، سب کے لیے عام معافی ہے، اس لیے لوگ پورے اعتماد کے ساتھ معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔


ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے کابل سے سفارتی عملے کے 120 ارکان کو واپس بلا لیا، بھارتی ائیرفورس کا خصوصی طیارہ عملے کو واپس لے کر بھارت پہنچ گیا۔ بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر سفارت کاروں اور عملے کو فوری واپس بلا لیا، پناہ گزینوں کیلئے خصوصی ویزوں کا اجرا بھی کر دیا گیا۔