پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔
اس ضمن میں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تصدیق کی کہ انہوں نے تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔
جن ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے، ان میں پرویز خٹک، قاسم سوری، اسد قیصر، علی امین گنڈاپور، نورالحق قادری، عطااللہ، راجہ خرم نواز، عمران خٹک، شیخ رشید، مراد سعید، عمر ایوب، شہریار آفریدی، صداقت علی خان، غلام سرور خان، شیخ راشد شفیق و دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ منصور حیات خان، فواد احمد، ثناء اللہ خان مستی خیل کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
حماد اظہر، شفقت محمود، عامر ڈوگر، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیر خان، علی زیدی کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
آفتاب حسین صدیقی، آفتاب جہانگیر، محمد اسلم خان، نجیب ہارون، عالیہ حمزہ اور کنول شوذب کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے 35 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔
دھیان رہے کہ تحریک انصاف کے ارکان نے اُس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد گزشتہ برس اپریل میں قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفے دے دیے تھے اور ان کا اصرار تھا کہ ان کے استعفے فور ایک ساتھ منظور کیے جائیں، تاہم اسپیکر کی جانب سے مرحلہ وار استعفے منظور کیے جارہے ہیں۔
28 جولائی 2022 کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان پی ٹی آئی کے 11 ارکان کے استعفے قبول کیے تھے۔
جن ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ان میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز شاہ، جمیل احمد خان، اکرم چیمہ، شیریں مزاری، شاندانہ گلزار، عبدالشکور شاد شامل تھے۔

35 members National assemblyAcceptPTIRaja Pervez AshrafresignationsSpeaker National Assembly