کراچی: عالم اسلام کے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیخ فاروق نائیک کے ہمراہ رواں سال دورۂ پاکستان کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ حکومت پاکستان کی دعوت پر ڈاکٹر ذاکر نائیک اور شیخ فاروق نائیک دورہ پاکستان کریں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورۂ پاکستان کا شیڈول بھی درج تھا، جس میں بتایا گیا کہ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
سوشل ویب سائٹ پر آفیشل اکاؤنٹ سے جاری شیڈول کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک 5-6 اکتوبر کو کراچی، 12-13 اکتوبر کو لاہور جب کہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں خطاب کریں گے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ان کے خطاب مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کے پوڈکاسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جلد ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2020 میں پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم کورونا وبا کے باعث نہ آسکے تھے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ وہ اب دوبارہ پاکستان کے دورے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔