اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو رہا کردیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر کو تھانہ سنگجانی کے مقدمے میں ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
دھیان رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو بھی پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے تھے، مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر 2024 کے تحت درج کیے گئے، مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانہ نون اور تھانہ سنگجانی میں درج کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ کیا تھا، جس کے لیے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا تھا، لیکن اس کے باوجود جلسہ دیر تک جاری رہا۔
تحریک انصاف کے جلسے کے قریب 26 نمبر چونگی پر جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے شرکا اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا، جس میں جلسے کے شرکا نے پتھراؤ کیا، جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔