سندھی فلم "سندھو جی گونج” کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان

28 سال بعد ریلیز ہونے والی پہلی سندھی زبان کی فلم کی پاکستان بھر میں مرحلہ وار ریلیز کا اعلان، 12 ستمبر 2025 سے آغاز

کراچی: پاکستان کی پہلی سندھی زبان کی فلم "سندھو جی گونج” (Indus Echoes) 12 ستمبر 2025 سے پاکستان بھر میں مرحلہ وار ریلیز کے لیے تیار ہے، جس کا اعلان فلم کی تقسیم کار کمپنی اینتھم فلمز (Anthem Films) نے کیا ہے۔
فلم کے ہدایت کار راہول اعجاز ہیں، جو فلمی تنقید سے فلم سازی کی طرف آئے جب کہ فلم میں وجدان شاہ، انصار مہر اور ثمینہ سحر نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور تقسیم کار محمد کامران جاوید نے بتایا کہ فلم کی ریلیز سب سے پہلے لاڑکانہ اور حیدرآباد میں ‘مون پلیکس’ اور ‘سینی پیکس’ سنیما گھروں میں کی جائے گی، جس کے بعد 19 ستمبر کو کراچی میں ریلیز ہوگی۔
کامران جاوید، جو 23 سال سے انگریزی زبان کے ایک معروف اخبار میں فلمی نقاد کی ذمے داری نبھارہے ہیں، نے کہا: جیسا کہ فلم منفرد ہے، ویسا ہی اس کا تقسیم کار منصوبہ بھی انوکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا: چھوٹی، خود ساختہ اور مضبوط پیغام اور کہانی رکھنے والی فلمیں جیسے کہ ‘سندھو جی گونج’ اکثر صرف ایک ویک اینڈ تک سنیما گھروں میں رہتی ہیں، لیکن ہم نے اس روایت کو توڑا ہے۔ لاڑکانہ اور حیدرآباد میں ریلیز کا مقصد زبانی تشہیر کو فروغ دینا ہے، جو اگلے ہفتے کراچی کی ریلیز میں مدد دے گی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں میں اکتوبر کے آغاز میں ریلیز ہوگی اور بعدازاں پنجاب میں، تو ناظرین کی آواز اور وسیع تر ریلیز ونڈو ‘سندھو جی گونج’ کو بھرپور فائدہ دے گی۔


کامران جاوید نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ فلم کے بارے میں شعور اجاگر کیا جائے اور لوگوں کو یہ موقع دیا جائے کہ وہ سنیما میں آکر فلم دیکھ سکیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ فلم صرف ایک ویک اینڈ کے لیے ریلیز ہوتی ہے اور لوگ جان ہی نہیں پاتے کہ وہ کب سنیما میں لگی تھی۔ میں نے خود ایک فلمی ناقد ہونے کی حیثیت سے یہ مسئلہ بارہا محسوس کیا ہے۔
"سندھو جی گونج” کا پریمیئر کراچی میں 16 جنوری 2025 کو سینی پیکس سینما میں منعقد کیا گیا تھا۔
یہ فلم جے پور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں منتخب ہوئی ہے اور لندن-پاکستانی فلم فیسٹیول میں اکتوبر میں سرکاری طور پر پیش کی جائے گی۔ دیگر بین الاقوامی فلمی میلوں کے اعلانات آئندہ ہفتوں میں کیے جائیں گے۔
فلم کو تنویر حسین اور اور راہول اعجاز نے پروڈیوس کیا ہے، تنویر حسین "دی ریسلر” کے لیے بوسان فلم فیسٹیول 2023 میں "نیو کرنٹس ایوارڈ” جیت چکے ہیں۔
پاکستانی اداکار شمعون عباسی، اختیار علی کلور، وجدان شاہ اور زید عزیز کے ساتھ کامران جاوید بھی ایگزیکٹو پروڈیوسرز میں شامل ہیں۔
یہ فلم پاکستان، بنگلادیش اور جنوبی کوریا کے درمیان ایک بین الاقوامی اشتراک ہے۔
پال بیٹل (جنوبی کوریا میں مقیم کینیڈین فلم ساز) فلم کے پوسٹ پروڈکشن پروڈیوسر، شریک ایڈیٹر (راہول اعجاز کے ساتھ) اور ساؤنڈ ڈیزائنر ہیں جب کہ ساؤلو آروکا روزاس (ایکواڈور سے تعلق رکھنے والے فلم ساز) فلم کے کلرسٹ ہیں۔
"سندھو جی گونج” کو متعدد پروڈکشن ہاؤسز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے، جن میں فلم این چپس میڈیا پروڈکشنز (پاکستان)، شام فلمز انٹرٹینمنٹ (پاکستان)، گرین اسکرین (بنگلادیش)، بگ میٹا فلمز (جنوبی کوریا)، وُکس وژن (پاکستان) اور اینتھم فلمز (پاکستان) شامل ہیں۔
کلائمیٹ ایکشن سینٹر (CAC)، کراچی فلم کا باضابطہ "آؤٹ ریچ پارٹنر” ہے۔